145

وزارت تجارت برآمدی پیکیج کو مزید بہتر بنائے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ کاروباری لاگت میں اضافہ ہوا ہے، اس ضمن میں برآمدی شعبہ کو نئی مراعات کی فراہمی کے ذریعے تلافی کرنے کی ضرورت ہے، وزارت تجارت کو چاہئے کہ برآمدی پیکیج کو مسلسل مزید بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایات تجارت و برآمدات سے متعلق امور کے بارے میں اجلاس میں دیں جو منگل کو ان کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے برآمدی پیکیج کے اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر پر اطمینان ظاہر کیا گیا کہ گذشتہ تین ماہ کے دوران ملکی برآمدات میں 10 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وزیراعظم کے برآمدی پیکیج کے مثبت اثرات میں اضافہ کیلئے مختلف آپشنز پر بھی غور کیا گیا۔ وزارت تجارت نے اس ضمن میں مختلف تجاویز پیش کیں جو ممتاز برآمد کنندگان، وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی مشاورت سے تیار کی گئی ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ کاروباری لاگت میں اضافہ ہوا ہے، اس ضمن میں برآمدی شعبہ کو نئی مراعات کی فراہمی کے ذریعے تلافی کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ برآمدی پیکیج کو مسلسل مزید بہتر بنایا جانا چاہئے۔ وزارت کو ای سی سی کو بہتر اور حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں وزیر تجارت محمد پرویز ملک، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں