54

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد

اسلام آباد: پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مستردکردیاہے۔ سابق صدر آصف زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو ظالمانہ اقدام قرار دے دیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سابق صدر آصف زرداری حکومت پر برس پڑے ۔ انھوں نےکہاکہ قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھے گی ۔ حکومت عوام کا خون نچوڑ رہی ہے ۔ اس کی معاشی پالیسی غریب دشمن ہے ۔
تحریک انصاف نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حکومتی فیصلہ مسترد کر دیا ۔ رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہاکہ نون لیگ کی نااہل حکومت اپنی بدترین انتظامی کارکردگی کا نشانہ عوام کو بنا رہی ہے۔ عوام پرستم ڈھانےکی نئی کوشش قبول نہیں۔
واضح رہےکہ وزارت خزانہ نے اوگرا کی سمری منظور کرتے ہوئےپیٹرولیم مصنوعات کے نرخ پانچ روپے انیس پیسے فی لیٹر تک بڑھا دیئے ہیں۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول دو روپے انچاس پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل پانچ روپے انیس پیسے، مٹی کا تیل پانچ روپے اور لائیٹ ڈیزل کی قیمت میں تین روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہوچکاہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں