135

کراچی: ساحل سمندر پر سال نو کی آمد کا جشن منانے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی

صوبائی وزیر داخلہ کا اچانک کلفٹن اور ڈیفنس کا دورہ؛

کراچی کے شہریوں کے لئے خوشخبری ہے کہ اس بار نئے سال کی آمد کا جشن ساحل سمندر پر بلا روک ٹوک مناسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ساحل سمندر جانے والی سڑکوں پر کنٹینرز نہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نیو ائیر نائٹ کے موقع پر کراچی میں کوئی کنٹینر نہیں لگے گا اور شہر کی کوئی سڑک بلاک نہیں کی جائے گی تاہم ہوائی فائرنگ کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی، شہری سال نو پر دوسروں کی خوشی کا بھی ضرور خیال رکھیں۔دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے رات گئے سی ویو اور اس کے اطراف کی سڑکو ں پہ کنٹینرز رکھ کر سڑکوں کو بلاک کئے جانے کی شکایات پر اچانک کلفٹن اور ڈیفنس کا دورہ کیا۔

دفعہ ایک سو چوالیس نافذ؛

جس کے بعد عوامی شکایات پر انہوں نے سی ویو جانے والی سڑکوں پر کنٹیرز لگانے سے پولیس کو روک دیا اور ہدایت کی ہے کہ دفعہ 144 کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، کار یا موٹر سائیکل ریسنگ اور سمندر میں نہانے پر پابندی ہوگی، شہری قانونی دائرہ کار میں رہ کر نئے سال کی خوشی منائیں، سب مل کر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کراچی شہر خوف سے نکل چکا ہے۔

سہیل انور سیال خود بھی سی ویو پر موجود ہوں گے؛

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی نیو ایئر کے موقع پر سی ویو پر موجود ہوں گے اور سال نو کے جشن کی خود بھی نگرانی کریں گے۔نئے سال کی آمد پر پولیس نے سیکیورٹی پلان جاری کردیا جس کے مطابق آج رات سی ویو پر 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔پولیس کے مطابق شام 6 بجے سے شہر میں اسنیپ چیکنگ شروع کی جائے گی اور 5 ایس پیز اور 19 ڈی ایس پیز کی ڈیوٹی سی ویو پر لگائی گئی ہے۔

Latest news,News today,News urdu,World news,Urdu Pakistan,New Year,Pakistan

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں